اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اردو کی مشہور ناول نگار،ممتاز ادیبہ نثار عزیز بٹ 93 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ تفصیلات کے مطابق نثار عزیز بٹ 1927ء میں مردان میں پیدا ہوئیں۔ ان کی تصانیف میں چار ناول جن میں نگری نگری پھرا مسافر، نے چراغے نے گلے ، کاروان وجود اور دریا کے سنگ اور خود نوشت سوانح عمری ،گئے دنوں کا سراغ، شامل ہیں۔ حکومت پاکستان نے انہیں 14 اگست 1995ء کو
صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔ 2013 میں انھیں مجلس فروغ ادب، دوحہ نے بھی لائف اچیومنٹ ایوارڈ عطا کیا۔ ادیبہ نثار عزیز نے پنجاب یونیورسٹی سے ریاضی میں ایم اے کیا۔ انگریزی کالموں کے مجموعہ پر مشتمل ایک کتاب بھی لکھی۔مرحومہ سابق وفاقی وزیر سرتاج عزیز کی بڑی بہن تھیں ان کے شوہر اصغر بٹ بھی مصنف اور صحافی تھے ۔ ان کی لاہور میں تدفین کردی گئی۔