لاہور(این این آئی)برطانوی مشاورتی کاروباری ادارے ”دی اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ“نے پاکستان میں مہنگائی کے سلسلے میں ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ مہنگائی کھانے پینے کی اشیا ء کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ہے اور اشیا ء کی رسد میں تعطل قیمتوں میں اضافے کا باعث بنا ہے۔ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گندم، چینی اور ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ افراط زر میں اضافے کا باعث بنا، جنوری میں مہنگائی میں اضافہ 2010 سے اب تک
کی بلند ترین سطح ہے، سال 2019 میں افراط زر کی اوسط شرح 9.4فیصد رہی۔عالمی سطح پر کاروبار کے سلسلے میں پیش گوئی کرنے والے ادارے نے اپنی رپورٹ میں پیشگوئی کی ہے آئندہ چند ماہ تک پاکستان میں مہنگائی میں اضافے کا رجحان برقرار رہے گا، زرعی پیداوار ٹڈی دل کے حملے کے باعث متاثر ہوگی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ مرکزی بینک افراط زر کو قابو میں رکھنے کے لیے مانیٹری پالیسی سخت رکھے گا۔