اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) میاں نواز شریف کے حوالے اہم خبر دیتے ہوئے معروف صحافی اختر صدیقی نے کہا کہ انہوں نے لندن میں ایک پیراڈائز میٹنگ طلب کی ہے، اس میٹنگ سے مراد یہ ہے کہ ان کے خاندان کے چیدہ چیدہ افراد کو لندن آنے کی دعوت دی گئی ہے،
لندن میں موجود ذرائع کے حوالے سے معروف صحافی نے کہا کہ 23 افراد کو دعوت دی گئی ہے، انتہائی دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں میاں شہباز شریف کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ہے، ان کی جگہ حمزہ شہباز کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اس پیراڈائز میٹنگ میں خاندان کے حوالے سے بہت سارے معاملات طے پائیں گے، ماضی میں جو تلخی اور مسائل پیدا ہوتے رہے ہیں ان کو حل کرنے کی کوشش بھی کی جائے گی اس کے ساتھ ساتھ مستقبل کا لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا کہ سیاست میں کون آؤٹ ہو گا اور کون اِن ہو گا۔ اس میٹنگ میں شرکت کے لئے مریم نواز کے نام بارے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کیونکہ ان کا نام ای سی ایل میں ہے، جب ان کے حوالے سے کوئی حتمی بات سامنے آئے گی تو ان کا نام اس لسٹ میں شامل کیا جائے گا۔ معروف صحافی نے ایک اور انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے وصیت تیار کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، ان کے بعد کون معاملات سنبھالے گا اس کا فیصلہ بھی اس میٹنگ میں کیا جائے گا اور یہ میٹنگ آئندہ پندرہ روز کے درمیان متوقع ہے۔ تاریخ سامنے نہیں آئی ہے لیکن اس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور جیسے ہی یہ تیاریاں مکمل ہوں گی ان افراد کو لندن بلوا لیا جائے گا۔