اسلام آباد (این این آئی)پاکستان اور ملائشیا کی حکمران جماعتوں کے مابین تعلقات کے نئے دور کا آغاز ،پاکستان تحریک انصاف اور ملائشین یونائیٹیڈ انڈیجینس پارٹی کے مابین تعاون کا معاہدہ طے پاگیا ۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معاہدے پر دستخط کردئیے ،ملائشین یونائیٹڈ انڈیجینس پارٹی کی جانب سے سیکرٹری جنرل مرزوکی یحییٰ نے معاہدے پر
دستخط کیے ۔ وزیراعظم عمران خان اور ڈاکٹر مہاتیر محمد بھی اس موقع پر موجود تھے ۔پاکستان اور ملائشیا کی حکمران جماعتیں اعلیٰ ترین سطح پر روابط کے مستقل قیام پر متفق ہیں ،دونوں جماعتوں کے مابین اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کا اہتمام کیا جائیگا ۔ دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر دونون جماعتوں کے مابین تعاون و اشتراک آگے بڑھایا جائے گا ،سماجی سطح پر علوم و تجربات کے تبادلے کیلئے بھی مشترکہ اقدامات اٹھانے اور دونوں جماعتوں کے مابین مشترکہ پروگرامات کے اہتمام پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا وزیراعظم عمران خان اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کی جانب سے پاکستان اور ملائشیا کی حکمران جماعتوں کے مابین معاہدے پر نہایت مسرت و اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔پاکستان تحریک انصاف اور برساتو کے مابین تعاون و اشتراک کے حوالے سے نہایت گرمجوشی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ۔