لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے موبائل سگنلز نہ آنے کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت کل ( جمعرات) تک ملتوی کرتے ہوئے موبائل فون کمپنیوں کو حکم دیا ہے کہ میری بات لکھ لیں اور مسئلے کا حل نکال کر لائیں ۔چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس مامون ر شید شیخ نے سماعت کی۔ دوران سماعت جاز اورموبی لنگ کے نمائندے اور وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ وکلا ء
حضرات نے اپنے پلازوں میں ڈیوائسز لگائی ہیں،ان ڈیوائسز کی وجہ سے سگنلز کا ایشو ہے۔ موبائل فون کمپنیوں کے وکیل نے کہا کہ اگر 7کروڑ روپے لگا کر بھی مسئلہ حل نہ ہوا تو کون ذمہ دار ہوگا،ہم نیا ٹاور بھی لگا دینگے لیکن پھر بھی مسئلہ حل نہ ہوا تو کیا فائدہ ہوگا ۔ فاضل عدالت نے کہا کہ لوگوں کو سہولت دینے کے لیے تمام موبائل کمپنیاں آپس میں ٹاور شیئر کریں ۔موبی لنک کے وکیل نے کہا کہ فاضل عدالت جو حکم دے گی اس پر عمل ہوگا۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ تمام دستاویزات میر صاحب کو فراہم کریں آج ہی بیٹھیں اور معاملہ حل کریں۔میں آپ کو ایک حل دیتا ہوں تمام موبائل کمپنیاں اس کاحل نکالیں اورمسئلہ حل کریں ورنہ مجھے حل نکلوانا آتا ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے موبائل فون کمپنیوں کے نمائندوں کوحکم دیا کہ میری بات لکھ لیں اور مسئلے کا حل نکالیں،چھ فروری کو مجھے اس پر رپورٹ دیں اور مسئلے کا حل نکال کر آئیں۔