کراچی(این این آئی) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہاہے کہ وزیراعظم خدارا کرپشن کا نام لینا چھوڑ دیں، ملک میں کرپشن کم ہونے کے بجائے بڑھتی جا رہی ہے، گندم پہلے سستے داموں باہر بیچ دی،اب مہنگی خریدی جارہی ہے، جس دن عوام اٹھ کھڑے ہوئے ملک سے ظالموں کا خاتمہ ہوجائے گا،
یہاں ریاست مدینہ کا نام لے کر لوگوں کی تذلیل کی جاتی ہے۔اتوارکوپاکستان ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے ایک بار پھر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان خدارا کرپشن کے خاتمے کا نعرہ لگانا چھوڑ دیں، ملک میں کوئی کام رشوت کے بغیرنہیں ہورہا،ملک میں رشوت کے ریٹ بڑھ گئے ہیں،آٹا وافرمقدارمیں موجودتھا،کم قیمت پرایکسپورٹ کردیاگیا،ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک میں کرپشن بڑھتی چلی جا رہی ہے،عمران کو اپنے دائیں بائیں کا پتانہیں،کرپشن کیسے ختم کریں گے؟ جس دن عوام اٹھ کھڑے ہوئے ملک سے ظالموں کا خاتمہ ہوجائے گا۔یہاں ریاست مدینہ کا نام لے کر لوگوں کی تذلیل کی جاتی ہے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ ان کے دن پھرنے کے دن آگئے ہیں، بس وہ ہمارا ساتھ دیں،پاکستان میں رہنے والے ہر انسان کے پاس ہم جائیں گے،سوچا نہیں تھا لاڑکانہ اس طرح استقبال کرے گا،پی ایس پی اس ملک کے کونے کونے میں جائے گی۔پریس کانفرنس کے دوران مصطفی کمال نے لاڑکانہ میں رہنے والوں کو ان کے دن پھرنے کی نوید بھی سنا دی۔