نئی دہلی (این این آئی)بھارت میں دائیں بازو کی سخت گیر ہندو تنظیم آر ایس ایس نے کہاہے کہ اس کے اگلے ایجنڈے میں ایک ایسا قانون وضع کروانا ہے جس میں والدین کو صرف دو ہی بچے پیدا کرنے کی اجازت ہو۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق انہوں نے تنظیم کے کارکنان سے بات چیت کے دوران اس منصوبے کا انکشاف کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ صرف دو بچوں سے متعلق آر ایس ایس کے منصوبے پر عمل حکومت کو کرنا ہے۔ بھاگوت کے مطابق حکومت کو ایک ایسا قانون
وضع کرنا ہے جس کے تحت والدین کو صرف دو بچے ہی پیدا کرنے کی اجازت ہوگی اور ایسا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے گی اور انہیں حکومتی سہولیات سے محروم کیا جا سکے گا۔اس موقع پر تنظیم کے رضاکاروں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے بھاگوت نے کہا کہ آر ایس ایس شہریت سے متعلق نئے قانون اور کشمیر میں دفعہ 370 کے خاتمے جیسے حکومت کے تمام اقدامات کی حامی رہی ہے اور وہ اس کے نفاذ کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔