کوئٹہ(نیوزڈیسک)بلوچستان کا 2کھرب 35ارب روپے کا بجٹ آج پیش کیا جارہا ہے۔ 20ارب سے زائد کے خسارے کے بجٹ میں180 ارب روپے غیر ترقیاتی اسکیموں کے لیے، جبکہ 55ارب روپے ترقیاتی اسکیموں کے لیے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ بلوچستان میر خالد خان لانگو بدھ کی سہ پہر ساڑے 4بجے بلوچستان کا بجٹ اسمبلی میں پیش کریں گے۔ اس سے قبل صوبائی کابینہ کا اجلاس سہ پہر 3بجے وزیر اعلی سیکرٹریٹ میں ہوگا، جس میں بجٹ تجاویز کی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق 16-2015کے لیے بلوچستان کے بجٹ کا کل حجم 235ارب تک ہوگا، جس میں تعلیم کے لیے 30ارب، صحت کے لیے 18ارب، امن وامان کے لیے12 ارب، جنرل ایڈمنسٹریشن کے لیے9 ارب روپے تک مختص کرنے کی تجویز ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ساڑے7 فیصد اضافہ کی تجویز ہے، جبکہ بجٹ میں6 ہزار سے زائد ملازمتیں دینے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ ۔بجٹ میں زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی کے کئی نئے منصوبے شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے، بجٹ میں صوبائی حکومت کے لیے نئے جہاز کی خریداری کے لیے پونے2 ارب رکھنے کی تجویز بھی دی گئی ہے