کراچی(این این آئی)مالی سال 2019 کے دوران معدنیات و کان کنی، موٹر وہیکلز اور رائس پراسیسنگ کے شعبہ جات کو قرضوں کی فراہمی میں بالترتیب 788، 720 اور 97.76 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سالانہ معاشی رپورٹ برائے سال 2019-2018 کے مطابق معدنیات و کان کنی کے شعبے کو 22.2 ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے ہیں جبکہ مالی سال 2018 کے دوران اس شعبے کو 2.5 ارب روپے کے قرضہ جات جاری کئے گئے تھے۔ مالی سال 2018 کے مقابلے میں مالی سال 2019 کے دوران معدنیات و کان کنی کے شعبے کو
قرضوں کی فراہمی میں 19.7ارب روپے یعنی 788 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق معدنیات اور کان کنی کے شعبے کو ورکنگ کیپٹل کیلئے 14.7ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے جبکہ مالی سال 2018 کے دوران قرضوں کی فراہمی میں 0.5 ارب روپے کی کمی ہوئی تھی۔اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2019 میں موٹر وہیکلز کے شعبے کو قرضوں کی فراہمی کا حجم 20.5ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ مالی سال 2018 کے دوران اس شعبے کو صرف 2.5ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے تھے۔