مظفرآباد(این این آئی)محکمہ موسمیات کی پیشگوئی،بارشوں،برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکوں کی بندش کے خطرات محکمہ تعمیرات عامہ شاہرات آزادکشمیر نے ریاست بھر میں مشینری اور عملہ کو ہائی الرٹ کر دیا آزادکشمیر بھر میں سڑکوں کو بحال رکھنے کیلئے پیشگی تیاریاں مکمل کر لی گئیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وزیر تعمیرات عامہ چوہدری عزیز،
سیکرٹری تعمیرات عامہ شاہرات آزاد کشمیر غلام بشیر مغل نے محکمہ کی مشینری اور سٹاف کو وادی نیلم اور وادی لیپہ سمیت آزادکشمیر بھر کے دیگر علاقوں میں برفباری اور بارشوں کے دوران سڑکوں کو بحال رکھنے کیلئے تیاری مکمل رکھنے کے احکامات جاری کر دیئے تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے جانب سے موسم سرما کے دوران آئندہ چند ہفتوں میں شدید بارش، برفباری کی آزادکشمیر بھر میں الرٹ جاری کیا گیا ہے جسکے بعد محکمہ تعمیرات عامہ شاہرات نے سخت موسمی حالات سے مقابلہ کرنے اور اس دوران سڑکوں کو بحال رکھنے کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے آزادکشمیر بھر کے تمام اضلاع میں محکمہ تعمیرات عامہ شاہرات کو کسی بھی صورتحال کے دوران سڑکوں کو بحال رکھنے کیلئے ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تمام ایسے مقامات جہاں پر برفباری یا لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے وہاں پر مشینری کو پہنچانے اور سٹاف کو تیار رکھنے کے احکامات دیئے گئے ہیں وزیر تعمیرات عامہ شاہرات چوہدری عزیز اور سیکرٹری غلام بشیر مغل نے محکمہ کو ہرقسم کی صورتحال میں عوامی مسائل کے تدارک کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سڑکوں کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایات دی ہیں محکمہ موسمیات کی جانب سے جنوری کے مہینے میں آزادکشمیر کے بالائی علاقوں سمیت بلندو بالا پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری جبکہ شہری اور زیریں علاقوں میں بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی جسکے بعد محکمہ تعمیرات عامہ شاہرات آزادکشمیر کی جانب سے فوری طور پر کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔