اسلام آباد (این این آئی) وفاقی حکومت نے داغدار سروس ریکارڈ کے حامل سول سرونٹس کو باعزت طریقے سے رخصت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے داغدار سروس ریکارڈ کے حامل سول سرونٹس کو ریٹائر کرنے کے لئے سیکرٹریز کمیٹی سے رابطہ کیا ہے،سزا یافتہ و متنازعہ سول سرونٹس کو ریٹائر کرنے کیلئے سیکریٹریز کمیٹی سے تجاویز طلب کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریٹائرمنٹ لینے کی مدت پچیس سے بیس سال کر کے متنازعہ ملازمین کو ریٹائر کیا جائیگا۔ وزارتوں اور ڈویژنز سے 20 سالہ
سروس مکمل کرنے والے ملازمین کی فہرستیں طلب کرلی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھی سول سرونٹس ریٹائرمنٹ کے ترمیمی قواعد تیاری کے احکامات موصول ہوئے ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق کرپٹ و متنازعہ ملازمین کی ریٹائرمنٹ سے وزارتوں کی کارکردگی بہتر ہو گی۔قواعد کے مطابق سول سرونٹس60 برس کی عمر مکمل ہونے پر ریٹائر ہوتے ہیں،قبل از وقت ریٹائرمنٹ کے لئے 25 سال ملازمت مکمل کرنا لازم ہے،25 سال ملازمت مکمل ہونے پر پنشن و دیگر مراعات دی جاتی ہیں۔