اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ملی بھگت اور مبینہ رشوت کے عوض کم عمر خواتین کا محرم کے بغیر عمرہ پر جانے کا انکشاف ،قومی روزنامے میں شائع خبر کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن اہل کاروں کا پابندی کے باوجود محرم کے بغیر 40 سال
سے کم عمر زائرین کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے کلیئر کرنے کا انکشاف ہوا ہے ، یہ انکشاف ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن اسلام آباد کی جانب سے لکھے گئے خط میں کیا گیا۔خط اسلام آباد ایئرپورٹ امیگریشن کے تمام شفٹ انچارجز کے نام لکھا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے امیگریشن کے مطابق عمرہ کی ادائیگی کے لیے 40 سال سے کم عمر سعودی عرب جانے والے مسافروں کا معاملہ حل ہوگیا ہے، عمرے کی ادائیگی کے لیے جانے والی 40 سال سے کم عمر خواتین کو محرم یا اپنی فیملی کے ہمراہ جانے کی اجازت دی گئی ہے، سعودی امیگریشن اتھارٹیز کی جانب سے وضح کردہ پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ایف آئی اے کے مطابق خط کے حوالے سے مکمل تفصیلات کے لیے سعودی سفارت خانے سے بھی رابطہ کیا گیا، کم عمر خواتین عمرہ زائرین کی سعودیہ روانگی کی بڑھتی ہوئی شکایات کی روک تھام کی جائے۔خط کے مندرجات کے مطابق کم عمر عمرہ زائرین کی روانگی میں مدد کرنے یا مبینہ رشوت کے عوض انہیں کلیئر کرنے والے ایف آئی اے اہلکاروں یا شفٹ انچارج کے خلاف بھی کارروائی کی جائیگی۔