لاہور (آن لائن) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما اور پی پی 68 سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے خصوصی عدالت کے سابق فوجی آمر جنرل مشرف کو سزائے موت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شریک جرم باقی ملزمان اس وقت کے وزیراعظم شوکت عزیز،
چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر اور وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کا بھی ٹرائل کر کے انہیں سزا دی جائے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام ملزموں کو عدالتی کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔پہلی بار عدالت نے خود کو مقدس گائے سمجھنے والے کے خلاف جرات مندانہ فیصلہ دیا ہے اور یہی بڑی تبدیلی ہے جس کے عوام بڑی دیر سے خواہشمند تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے بھی واقعی جرات مندی کا مظاہرہ کیا ہے۔ حکومت کی طرف سے پرویز مشرف کے خلاف کیس کے فیصلے میں تاخیری حربے استعمال کیے گئے جو کہ قابل مذمت ہے اور یہ بھی آئین شکنی کے زمرے میں آتا ہے کہ آئین پر عمل درآمد روکنے میں رکاوٹ پیدا کی جائے، یہ رویہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ اب تو اسٹیبلمشمنٹ کی حمایتی جماعتیں اور انجمنیں عدالتی فیصلے کے خلاف بیانات دے رہی ہیں اور آئین شکن سے اپنی وابستگی کا اظہار کررہی ہیں۔جوکہ قائد اعظم کے پاکستان میں نہیں ہوسکتا۔ اور نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کو عوام مسترد کرچکے ہیں۔پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ عمران خان ججز بحالی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے ہیں، اب ہمت کریں، جمہوریت اور آئین کی پاسداری کرتے ہوئے پرویز مشرف کے سزا پر عمل درآمد کروائیں،انہیں جیل میں ڈالیں اور باقی ملزموں کے مستقبل کا بھی فیصلہ کیا جائے۔