نیویارک( آن لائن )امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ نے غیر یقینی صورتحال کے باعث 737 میکس طرز کے مسافر طیاروں کی تیاری عارضی طور پر روک دی ہے۔بوئنگ کمپنی نے پیر کو اپنے ایک بیان میں 737 میکس طیاروں کی پروڈکشن روکنے کے فیصلے سے آگاہ کیا، یہ فیصلہ غیر یقینی صورتحال کے باعث کیا گیا کہ ایسے طیاروں کو بین الاقوامی سطح پر تجارتی پروازوں کی دوبارہ اجازت کب ملے گی۔رواں سال جنوری میں 737 میکس طیاروں کے دو حادثات میں 346 افراد ہلاک ہوگئے تھے، جس کے بعد سے
ان طیاروں کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی تھی، حادثے کی شکار ہونیوالے ایئر لائنز کی جانب سے آئندہ سال اپریل تک ان طیاروں کے دوبارہ استعمال کا امکان نہیں ہے۔بوئنگ کی طرف سے بتایا گیا کہ 737 میکس طیاروں کی تیاری روکنے کا یہ اقدام مالی نقصانات میں مزید اضافے سے بچنے کیلئے کیا گیا ہے۔بوئنگ طیاروں کے حادثے اور 737 میکس کی تیاری بند کرنے کے اعلان کے بعد سے کمپنی کے شیئرز کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھنے میں آرہی ہے، جس کے باعث بوئنگ کو بڑے مالی نقصان کا سامنا ہے۔