لاہور( این این آئی) نامور اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ حکومت 2020ء کو سرکاری سطح پر ’’برداشت اوررواداری ‘‘ کے سال کے طور پر منانے کا اعلان کرے اور اس کے لئے تعلیمی اداروں سمیت ہر سطح پر بحث و مباحثہ کرایا جائے ۔ ایک انٹر ویو میں ریشم نے کہا کہ اگر پاکستانی معاشرے کے رجحانات کو دیکھا جائے تو حکومت کو وسیع پیمانے پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ لوگوں میں برداشت کا مادہ ختم ہوتا جارہا ہے جس سےمعاشرے میں
مسائل جنم لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلہ میں تعلیمی اداروں کی سطح پر خصوصی تربیت کا اہتمام کرے تاکہ ہم اپنی نئی نسل میں برداشت اور روادری کو پروان چڑھا سکیں ۔ حکومت 2020کو سرکاری سطح پر ’’ برداشت اور رواداری ‘‘ کے سال کے طو رپر منانے کا اعلان کرے اور اس سلسلہ میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے جس میں بحث و مباحثہ کرایا جائے اور عدم برداشت کے منفی رجحان کو روکنے کیلئے تدارک کیا جائے ۔