اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کی افتتاحی تقریب کے لیے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو شرکت کی دعوت دیدی۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب جہانزیب خان کھچی کا کہنا تھا اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ شہباز شریف کا تھا اس لیے انہیں افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔جہانزیب کھچی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے روایات کے برعکس منصوبہ مکمل کیا۔
اب ٹرین چلے گی۔صحافی کی جانب سے شہباز شریف کی آمد پر گرفتاری سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے جہانزیب کھچی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ہمارے مہمان ہوں گے، کوئی ادارہ گرفتار کر لے تو میرا کوئی تعلق نہیں۔عمران خان اور ان کے وزراء کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں تختیاں لگانے پر نہیں۔کل اورنج لائن ٹرین کے مکمل روٹ کا ٹرائل رن کر رہے ہیں۔