کراچی(این این آئی)نیب نے سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام میں پیپلزپارٹی رہنما اور سابق صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو سمیت14ملزمان کے خلاف ریفرنس تیار کرلیا ہے، جس کی تفصیلات سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرادی گئی ہیں۔عدالت کو بتایا گیا کہ دیگر ملزمان میں جام خان شورو کے فرنٹ مین محمد بچل، اصغر میمن، محمد حسین، امتیاز علی ،شاہنواز سومرو، فدا حسین، سبحان علی، عبدالمالک کھتری، محمد انور ذیشان قریشی اور اختر علی نامزد ہیں۔
نیب کی تفتیشی ٹیم نے جام خان شورو اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کو آگاہ کیا، نیب کاالزام ہے جام خان شورو اور دیگر نے غیر قانونی طور پر حیدر آباد میں سی این جی اسٹیشن کیلئے زمین الاٹ کی۔ملزمان نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، الاٹمنٹ کے ثبوت حاصل کرلیے گئے ہیں، عدالت نے نیب کو ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کرکے28جنوری کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے جام خان شورو اور دیگر کی درخواست ضمانت میں بھی توسیع کردی۔