لاہور(این این آئی) شریف خاندان کی جانب سے سابق وزیر اعظم کے علاج کے لئے بیرون ملک محفوظ سفر اور جلدصحتیابی کیلئے صدقات دینے کا سلسلہ جاری ہے، اہل خانہ کی جانب سے گزشتہ کئی روز سے غرباء اور مستحقین میں نقد رقم، کھانے او گوشت کی تقسیم کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق والدہ بیگم شمیم اختر اورصاحبزادی مریم نوازکی جانب سے نواز شریف کی صحتیابی او ر ان کی مشکلات کی دوری کے لئے گزشتہ کئی روز سے
صدقات دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے ساتھ خصوصی دعائیں اور وظائف کی تسبیحات بھی کی جارہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی آج منگل کے روز بیرون ملک روانگی سے قبل بھی جانور صدقہ کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں پارٹی رہنماؤں کی جانب سے بھی نواز شریف کی جلد صحتیابی کے لئے جانور صدقہ کئے جارہے ہیں۔ گزشتہ روزبھی راؤ شہاب الدین کی جانب سے بکرا صدقہ کیا گیا جس کا گوشت غرباء او رمساکین میں تقسیم کر دیا گیا۔