اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف صحافی و تجزیہ کار کاشف عباسی کو گرفتار کرنے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے، ٹوئٹر صارفین نے اینکر کاشف عباسی کی گرفتاری کے لیے باقاعدہ ”اریسٹ کاشف عباسی“ کا ٹرینڈ متعارف کروا دیا ہے، اسے ٹرینڈ کو استعمال کرتے ہوئے
ٹوئٹر صارفین کاشف عباسی کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں، واضح رہے کہ اس تمام معاملے کے پیچھے کاشف عباسی کے پروگرام کا ایک ویڈیو کلپ ہے جس میں وہ ایک صحافی عمر چیمہ اور سیاسی رہنما اسد عمر سے بات کرتے ہوئے انتہائی تمسخرانہ انداز میں کہہ رہے ہیں کہ جن کے نام میں عمر آتا ہے وہ لوگ سازشی ہوتے ہیں۔ یہ ویڈیو کلپ جیسے ہی وائرل ہوئی تو سوشل میڈیا پر لوگوں نے اس معاملے کو مذہب سے جوڑتے ہوئے معروف صحافی کاشف عباسی پر صحابہ کرامؓ کی توہین کا الزام لگا دیا اور ان کی گرفتاری کا مطالبہ بھی شروع کر دیا، اس طرح سوشل میڈیا پر ”اریسٹ کاشف عباسی“ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ دوسری جانب معروف صحافی و تجزیہ کار کاشف عباسی نے وضاحت کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ میراحضرت عمرؓ پر کامل یقین ہے، کاشف عباسی نے کہا کہ میرا ان سے عقیدت کا تعلق ہے، میں حضرت عمرؓ کی شان میں کوئی لب کشائی کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہاکہ عظیم صحابی رسولؓ میرے لیے رول ماڈل ہیں، اللہ بروز حشر مجھے صحابہؓ کی عقیدت میں اُٹھائے اور ان کا قرب نصیب کرے۔آمین۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا میں اپنے مہمانوں سے ازراہ مذاق بات کر رہا تھا جو کہ دونوں عمر تھے۔ ان کے اس جواب کے بعد معروف صحافی کو تنقید کا نشانہ بنانے والے صارفین کو بعض صارفین نے غلط الزام لگانے پر آڑے ہاتھوں لیا۔
The clip is taken completely out of context. I joked with my guests who both happened to be Omar. Never in my wildest dreams would I ever even think about saying something wrong about Hazrat Omar (ra),who happens to be my role model given his strong character & services to Islam.
— Kashif Abbasi (@Kashifabbasiary) November 12, 2019