لاہور(این این آئی) سینئر اداکار مسعود اختر نے کہا ہے کہ فنکار کو اپنے فن کے ذریعے ہی شناخت بنانی چاہیے ،فلم ، ٹی وی اور اسٹیج کیلئے لکھے جانے والے اسکرپٹ میں مصنوعی کہانی کو ختم کئے بغیر ہم دیکھنے والوں کی توجہ حاصل نہیں کر سکتے ، ہم جیسے ہیں خود کو ایسا ہی پیش کریں تو زیادہ کامیاب رہیں گے ۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے جب بھی بات کی ہے میرا ہمیشہ اس پر زور ہوتا ہے کہ اپنی ثقافت کو
نہ چھوڑو کیونکہ ہم پہلے ہی اپنا بہت نقصان کر چکے ہیں او رمزید نقصان کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اسکرپٹ میں مصنوعی کہانی کو بنیاد بنا کر دیکھنے والوں کی توجہ حاصل کی جا سکتی ہے تو یہ سب سے بڑی بھول ہے ۔ ہمیں اپنی ثقافت کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے معاشرے کے سلگتے مسائل کو اسکرپٹ کا موضوع بنانا ہوگا ۔ مسعود اختر نے کہا کہ اسٹیج کی حالت پر دل میں بہت کُڑتا ہوں لیکن جتنی ہمت ہے اس کے مطابق آواز بلند کرتا رہتا ہوں۔