اسلام آباد (این این آئی)سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام میں نیب نے سابق صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو سمیت 14 ملزمان کے خلاف ریفرنس تیار کرلیا، جام خان شورو اور دیگر کے خلاف ریفرنس اپروول کے لیے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد بھیج دیا ہے۔سابق صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو سمیت 14 ملزمان کے خلاف غیر قانونی طور پر حیدر آباد میں سی این جی اسٹیشن کے لیے زمین الاٹ کرنے اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں نیب نے ریفرنس تیار کیاہے۔ریفرنس اپروول کے لیے ہیڈ کوارٹر
اسلام آباد بھیج دیا گیا ، نیب کی تفتیشی ٹیم نے جام خان شورو اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کو آگاہ کردیا، دیگر ملزمان میں جام خان شورو کے فرنٹ مین محمد بچل، اصغر میمن، محمد حسین، امتیاز علی، شاہنواز سومرو، فدا حسین، سبحان علی، عبدالمالک کھتری، محمد انور ذیشان قریشی اور اختر علی بھی ملزم نامزد ہیں۔عدالت نے نیب کو ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا، جام خان شورو کے خلاف زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی تحقیقات کراچی میں بھی کی جارہی ہے۔