اسلام آباد (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے تصدیق کی ہے کہ حکومتی کمیٹی اور جے یو آئی کے درمیان ہونے والے مذاکرات منسوخ ہوگئے ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ راہبر کمیٹی کرے گی،راہبر کمیٹی کا اجلاس 22 اکتوبر کو اسلام آباد میں
طلب کرلیا گیا۔انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن نے اپوزیشن رہنماؤں سے مشاورت کے بعد مذاکرات کا اختیار راہبر کمیٹی کو سپرد کردیا۔حافظ حسین احمد نے کہاکہ مولانا عبدالغفور حیدری نے ذاتی حیثیت میں حکومتی کمیٹی سے ملاقات کرنا تھی،یہ ملاقات اب نہیں ہو ئی۔دریں ا ثناء جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کی مجلس شوریٰ کا اہم اجلاس 24 اکتوبر کو طلب کرلیا، آزادی مارچ پر مشاورت ہو گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جے یو آئی (ف)نے آزادی مارچ کے حوالے سے حتمی تیاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا، پارٹی قیادت نے اس حوالے سے 24 اکتوبر کو اجلاس طلب کیا ہے جس میں مارچ کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں آزادی مارچ اسلام آباد تک پہنچانے کی حکمت عملی طے کی جائے گا۔ واضح رہے کہ حکومت نے جے یو آئی کو مارچ کی بجائے مذاکرات کرنے کی پیش کش کی ہے، جے یو آئی نے حکومتی پیش کش کو قبول کرتے ہوئے اتوار کو مذاکرات کی حامی بھری ہے تاہم رہنما جے یو آئی ف عبدالغفور حیدری نے یہ بھی کہہ دیا ہے کہ مذاکرات کا حتمی فیصلہ فضل الرحمن کریں گے۔