اسلام آباد(آن لائن) نواز شریف کو حوالات میں گھر سے کھانا منگوانے کی اجازت دیدی گئی ہے گھر سے کیا کچھ کھانے کے لیے آیا اس کا مینیو سامنے آگیا ہے۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کیلئے گھر سے کریلے گوشت، چکن شوربہ، سٹیم روسٹ،
ابلے چاول، ٹوسٹ، دودھ اور پھل بھجوائے گئے جبکہ دہی، کشمیری چائے اور لسی بھی مینیو میں شامل تھی۔نواز شریف کے مینیو کی تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کو پھلوں میں چھ کیلے، انار اور پپیتا بھیجے گئے جبکہ تخم ملنگا بھی مینیو میں شامل تھا۔ اس کے علاوہ نواز شریف کو نیب حراست میں واک کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ سابق وزیراعظم اب صبح اور شام ایک، ایک گھنٹہ چہل قدمی کرتے ہیں۔دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے فلیگ شپ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی بریت کیخلاف نیب اپیل میں مزید دستاویزات جمع کرانے کی قومی احتساب بیورو (نیب)کی درخواست منظور کر لی۔عدالت نے اضافی دستاویزات مرکزی اپیل کی ساتھ منسلک کرنے کا حکم سنا یا۔ جمعرات کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے احکامات جاری کئے۔ نیب نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ان کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز سے متعلقہ دستاویزات جمع کرانے کی استدعا کی تھی۔ جبکہ دوسری جانب جیل میں مریم نواز کی طبیعت خراب ہو گئی ہے۔