لاہور(آن لائن) قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر آسٹریلیا پہنچ کر بھی پاکستانی ٹیم اور ان کے ساتھ گذارے ہوئے لمحات کو نہیں بھول سکے ہیں۔ پاکستان کے سابق ہیڈ کوچ اب بھی اپنے پرانے ساتھیوں سے رابطے میں ہیں۔ سوا تین سال پاکستان ٹیم کے ساتھ کام کرنے والے مکی آرتھر وقتاً فوقتاً کھلاڑیوں سے واٹس ایپ پر پیغامات کا تبادلہ کرتے رہتے ہیں۔اگر کوئی کھلاڑی غیر معمولی کارکردگی دکھاتا ہے تواس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور بعض بے تکلف کرکٹرز کو اب بھی مشورے دیتے ہیں اور ان کے لئے اپنی نیک خواہشات
کا بھی اظہار کرتے رہتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر سے پاکستان کرکٹ نے تعلق ختم کردیا ہے لیکن وہ اب بھی اپنے پرانے ساتھیوں سے رابطے میں رہتے ہیں۔ وہ کوچنگ کے دوران کئی کھلاڑیوں کواپنی قربت میں رکھتے تھے۔ عام غیر ملکیوں سے وہ مختلف ہیں اور مسلسل کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں۔یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2019ء کے اختتام پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی نے مکی آرتھر اور دیگر کوچنگ سٹاف کے معاہدوں میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کا انہوں نے بہت برا منایا تھا۔