اسلام آباد(آن لائن)حکومت نے ناجائز منافع خوری روکنے کیلئے ”درست دام“ کے نام سے ایپ تیار کرلی ہے جس پر سبزیوں، پھلوں اور اشیائے خوردو نوش کی قیمتیں موبائل فون پر دستیاب ہونگی۔ ایپ ابتدائی طورپر اسلام آباد کیلئے لانچ کی جائیگی بعدازاں دائرہ کار پورے ملک تک وسیع ہوجائے گا۔ میڈیا رپورٹس کیمطابق اسلام آباد کے شہریوں کیلئے اچھی خبر ہے کہ مہنگی اشیاء کی فروخت کی روک تھام کیلئے”درست دام“ کے نام سے ایپ تیار کرلی گئی ہے جس کے ذریعے اشیائے خوردو نوش کی درست قیمت
روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کی جائے گی۔ سبزیوں، پھلوں اوردیگراشیائے خوردو نوش کی قیمتیں پہلے معلوم کی جاسکیں گی۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر نرخ اپ ڈیٹ کرنے کی پابند ہوگی۔ شہری اپنے موبائل فون سے ہی اشیاء کا مارکیٹ ریٹ معلوم کرسکیں گے جبکہ سرکاری ریٹ پر عمل نہ کرنے والے دوکانداروں کے خلاف شکایت بھی درج کروائی جاسکے گی۔ قومی انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ترجمان کے مطابق د”درست دام“ایپلی کیشن کو چند روزمیں عوام کیلئے فعال بنا دیا جائے گا۔