لاہور(آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنما سردار مہتاب عباسی پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پی آئی اے میں غیر قانونی تعیناتی کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے ن لیگی رہنما سردار مہتاب عباسی پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔
احتساب عدالت نے دیگر ملزمان پر بھی فرد جرم عائد کر دی۔سردار مہتاب عباسی سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔عدالت نے ملزمان کے خلاف باضابطہ ٹرائل چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ سے شہادتیں طلب کر لی ہیں۔خیال رہے کہ احتساب عدالت نے پی آئی اے میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں سابق وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب عباسی، سابق سیکرٹری ایوی ایشن عرفان الہی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے یکم اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔اس سے قبل 23 ستمبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سرکاری ایئر لائن پی آئی اے میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس کی سماعت کی۔ سابق مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب عباسی، سابق سیکریٹری ایوی ایشن عرفان الہی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ مہتاب عباسی پر مشرف رسول کو پی آئی اے کا غیر قانونی سی ای او تعینات کرنے کا بھی الزام ہے۔عدالت نے ملزمان میں ریفرنس کی نقول تقسیم کرتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے یکم اکتوبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کی تھی۔جس کے بعد آج عدالت نے ن لیگی رہنما پر فرد جرم عائد کر دی ہے تاہم سردار مہتاب عباسی سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے کئی رہنما احتساب عدالت کے فیصلوں کی وجہ سے جیل میں قید ہیں۔