نئی دہلی( آن لائن) بھارتی سپریم کورٹ نے آرٹیکل370 کی منسوخی کے خلاف درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے معاملے کو لٹکا دیا ،عدالت نے نریندر مودی کی حکومت کوجواب داخل کرنے کے لیے 4ہفتوں کی مہلت دیدی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل پانچ رکنی بنچ نے آرٹیکل 370 منسوخ کرنے اور کشمیر کے موجودہ حالات سے متعلق دائرکردہ درخواستوں کی سماعت کی۔
سماعت میں بھارتی حکومت کے اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے حکومت کی جانب سے جواب داخل کرانے کے لیے چار ہفتوں کا وقت طلب کیا، اتنا ہی وقت بھارتی مقبوضہ ریاست کشمیر کے وکیل نے بھی جواب دہی کے لیے طلب کیا۔بھارتی سپریم کورٹ نے جواب دہی کے لیے حکومت کو 28 دن کی مہلت دیتے ہوئے ہر صورت جواب داخل کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ کشمیر کے معاملے پر مزید نئی درخواستیں نہیں لی جائیں گی۔