اسلام آباد۔۔۔۔۔ وزیراعظم نواز شریف نے نیپال میں رواں ماہ ہونے والی سارک کانفرنس کے دوران بھارتی گاڑی استعمال کرنے کی پیش کش ٹھکرادی۔ 26 نومبر سے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ہونے والی دو روزہ سارک کانفرنس میں رکن ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے جن کی سیکیورٹی کے لئے نیپال نے بھارت سے بلٹ پروف گاڑیوں کی درخواست کی تھی جس پر نئی دلی سرکار نے 6 گاڑیاں کھٹمنڈو بھجوائی ہیں۔ یہ گاڑیاں سری لنکا، بھوٹان، افغانستان، بنگلا دیش اور مالدیپ کے سربراہان مملکت کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف کے زیر استعمال بھی آنی تھیں تاہم وزیراعظم نواز شریف بھارت سے منگائی گئی گاڑی استعمال نہیں کریں گے۔ پاکستانی حکومت کی جانب سے نیپال کی حکومت کو پیغام بھجوایا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف بھارت سے منگائی گئی گاڑی استعمال نہیں کریں گے ، ان کی آمد و رفت کے لئے پاکستان خود گاڑی کا انتظام کرے گا۔واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ کئی ماہ سے ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلاقات انتہائی سرد ہیں۔