دیس پور (این این آئی)بھارت کی ریاست آسام میں پولیس نے مسلمان حاملہ خاتون کو اس کی دو بہنوں سمیت برہنہ کر کے شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس کے تشدد کے باعث خاتون کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اس کا حمل ضائع ہو گیا۔متاثرہ خاتون نے بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں بتایا کہ دس ستمبر کو پولیس انہیں اور ان کی بہنوں کو گھر سے اٹھا کر تھانے لے گئی اور بعد ازاں پوری رات ان پر لاٹھیوں سے تشدد کا نشانہ بناتے رہی۔انہوں نے بتایا کہ میں نے بارہا پولیس کو بتایا کہ میں حاملہ ہوں مگر انہوں نے میری
ایک بات نہ سنی اور تشدد کا نشانہ بناتے رہے ،دوسری جانب پولیس نے مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ ان خواتین کے بھائی نے مبینہ طور پر ایک ہندو لڑکی کو اغوا کر رکھا ہے اور اس کی تینوں بہنیں بھی اس جرم میں برابر کی شریک ہیں۔آسام کی اسٹیٹ کمیشنر نے اس واقعہ کو اندھوناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے جرائم معاشرے کو کھوکھلا کرتے ہیں جنہیں بالکل بھی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ تھانے کے ایس پی کو اس ضمن میں نوٹس جاری کر دیا ہے جبکہ اس واقع میں ملوث تمام اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔