لاہور(این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکے حکم پرچونیاں میں بچوں کے قتل کیس میں غفلت برتنے پر ڈی ایس پی چونیاں اور ایس ایچ او معطل کر دیا گیا ہے-وزیراعلیٰ نے کہاکہ پولیس کی غفلت جہاں بھی ہوئی اس پر سخت ایکشن ہوگا-وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پرصوبائی وزراء ہاشم ڈوگر اور سردار آصف نکئی نے چونیاں میں مقتول بچوں کے گھر جا کر غمزدہ خاندانوں سے ملاقات کی اورافسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا –
صوبائی وزراء نے سوگوار خاندانوں کو وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر قانون راجہ محمد بشارت اور انسپکٹر جنرل پولیس کو بھی چونیاں پہنچنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی وزیر قانون اورآئی جی پولیس جائے وقوعہ کا دورہ کریں اور مقتول بچوں کے لواحقین سے ملاقات کر کے دلجوئی کریں -وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہاکہ صوبائی وزیر قا نون اور آئی جی پولیس خود تحقیقات کی نگرانی کریں -انہوں نے کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو بھی چونیاں جانے کی ہدایت کی اور کہاکہ بچوں کے قتل کے دل دہلا دینے والے واقعات قعطاً برداشت نہیں -بچوں کے قتل کے ذمہ دار قرار واقعی سزا سے نہیں بچ سکیں گے-مقتول بچوں کے لواحقین کے ساتھ ہمیں دلی ہمدردی ہے -دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چونیاں میں معصوم بچوں کے قتل کے اندوہناک واقعہ پر دلی دکھ اوررنج ہوا ہے اورغمزدہ خاندانوں کو انصاف دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے اورحکومت یہ ذمہ داری ہر صورت نبھائے گی اورمتاثرہ خاندانوں کوہرقیمت پر انصاف فراہم کیاجائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری کیلئے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں اوراس کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اورانصاف کے تمام تقاضے پورے کریں گے۔
انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طورپر انصاف دلانا میرا فرض اورذمہ داری ہے۔ جن درندہ صفت ملزمان نے یہ ظلم کیا ہے وہ قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔ ایسا گھناؤنا جرم کرنے والے انسان نہیں درندے اور دھرتی کا بوجھ ہیں۔ معصوم بچوں کے قتل پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔ حکومت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے اور
کھڑی رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے بچوں کے قتل کے دلخراش واقعہ پر غمزدہ خاندانوں سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کی ہنگامی سرویلنس کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیمیں ڈینگی لاروا کی تلاش کیلئے بھرپور کاوشیں کریں اورڈینگی کے خاتمے کیلئے تمام تر میسر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہاکہ دن رات کوشش کر کے پنجاب سے ڈینگی کا خاتمہ کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے صوبائی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ سرکاری ونجی عمارتوں کی بھرپور سرویلنس کر کے ڈینگی لاروا کا خاتمہ کیا جائے۔ٹائر شاپس اورقبرستانوں میں بھی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے۔ ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈز اور کاؤنٹرزپرمریضوں اوران کے تیمارداروں کو تمام ضروری سہولتیں مہیا کی جائیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کی صحت کی حفاظت کا فریضہ نبھائیں گے،کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اورنجی ادارے ڈینگی کے خاتمے کیلئے انسداد ڈینگی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔شہری اپنے گھروں اورچھتوں میں کسی بھی جگہ پر پانی جمع نہ ہونے دیں۔ڈینگی سرویلنس میں کوتاہی اورغفلت کا ارتکاب کرنے و الوں کو معاف نہیں کیاجائے گا۔