انقرہ (این این آئی)روسی صدر ولادیمر پیوٹن نے شامی بحران کے حل میں ایران کے کردار کی تعریف کی ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے یہ بات ترکی کے صدر مقام انقرہ میں شام کے حوالے سے منعقدہ سراہ کانفرنس کے موقع پر
ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کے دوران کہی۔ روسی صدر پیوٹن نے مسئلہ شام پر اہم ایرانی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی کوششوں سے وہاں دہشتگردی کے خاتمے میں مدد ملی اور ایک موثر سیاسی حل ممکن ہوسکا۔واضح رہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، روسی صدر ولادیمر پیوٹن اور ایرانی صدر کے درمیان یہ ملاقات پیر کو ہوئی، جس کا مقصد شمالی شام میں عارضی جنگ بندی کو مکمل اور دیرپا جنگ بندی میں تبدیل کرنا ہے۔شام کی سرکاری فوج کی جانب سے حملوں کے بعد علاقائی کشیدگی کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور پناہ گزینوں کے ایک نئے سلسلے کا ترکی میں داخلے کا امکان ہے۔ دریں اثناء ایران کے اعلیٰ رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے تہران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی پالیسی ناکام ہو گی۔ ایران کے سرکاری ٹیلی وڑن کے مطابق خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی حکام کبھی بھی امریکا سے بات چیت نہیں کریں گے اور یہ کہ حالیہ اقدامات ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی امریکی پالیسی کا حصہ ہیں۔