اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی کوبتایاگیا ہے کہ کراچی حیدرآباد موٹروے کو صحیح معنوں میں موٹروے نہیں کہا جاسکتا ہے، شاہراہ میں ہمیں بجلی کے کھمبے اور رکشے نظر آئیں گے۔جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ حیدرآباد کے قریب موٹروے کی سروس روڈ کو سیلاب سے نقصان پہنچا ہے۔
کراچی‘ حیدرآباد موٹروے کے کئی حصوں کو سیلاب سے نقصان پہنچا ہے، اس کی نگرانی کرتے رہیں گے۔ کراچی حیدرآباد موٹروے کو صحیح معنوں میں موٹروے نہیں کہا جاسکتا ہے۔ اس شاہراہ میں ہمیں بجلی کے کھمبے اور رکشے نظر آئیں گے۔ اس منصوبے کو مناسب انداز میں مکمل نہیں کیا گیا۔ موجودہ حکومت اس معاملے کو حل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ژوب کوئٹہ ‘ ڈی آئی خان شاہراہ ہماری ترجیح ہے۔ژوب کچلاک روڈ کا وزیراعظم نے افتتاح کر دیا ہے۔ اگلے مراحل کو سی پیک میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے تو مغربی روٹ کا صرف اعلان کیا تھا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت مغربی روٹ کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔پارلیمانی سیکرٹری خیال زمان نے بتایا کہ او جی ڈی سی ایل نے کوہاٹ میں14.95 ملین روپے اور کرک میں 187.11 ملین روپے صرف کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 120 بلاک اور 30 کمپنیوں کے حوالے سے وہ تفصیلات جلد ایوان میں فراہم کریں گے۔وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ چمن کوئٹہ شاہراہ ایک اہم منصوبہ ہے جسے دو رویہ بنایا جارہا ہے‘ یہ منصوبہ بی اوٹی کی بنیاد پر مکمل ہوگا۔ مراد سعید نے کہا کہ یہ منصوبہ200 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔
نیسپاک کو ہدف سونپا گیا ہے۔ 790 کلو میٹر طویل شاہراہ ایک اہم منصوبہ ہے۔ ماضی میں اسے نظرانداز کیا گیا ہے۔ موجودہ حکومت اس منصوبے کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔ منصوبے کے تحت شاہراہ کو دو رویہ بنا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ بی او ٹی کی بنیاد پر مکمل ہوگا۔ کمرشل فزیبلٹی کا آغاز ہو چکا ہے اور بجٹ بھی مختص ہے۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا کہ درآمدی کوئلے کی اجازت گزشتہ حکومت نے دی تھی۔
ہم امپورٹڈ فیول کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں۔ ہم تھرکول سمیت متبادل توانائی کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو میں چیف فنانشل آفیسر کے حوالے سے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ حکومت اس معاملے کے حوالے سے معلومات لے کر معاملات درست کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارش کے دوران بجلی سے ہلاکتوں کی تحقیقات ہوئی ہے۔
مزید کام بھی ہو رہا ہے۔ پیش رفت سے ایوان کو آگاہ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کی وجہ سے کمپنیاں خسارے میں ہیں جن کی بحالی کے لئے کام ہو رہا ہے۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ 2017ء میں آر ایف او سے پہلے گیس اور پھر ایل این جی میں تبدیل ہوا۔ اس وقت اس سے پیدا ہونے والی بجلی کی قیمت کا تعین ایل این جی کی بنیاد پر ہے۔ ہماری انرجی پالیسی یہ ہے کہ درآمدی فیول پر انحصار بتدریج کم سے کم کیا جائے۔
اس وقت نندی پور پاور پراجیکٹ سے پیدا ہونے والی بجلی کی فی یونٹ قیمت 14.19 روپے ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری عندلیب عباس نے بتایا کہ اس وقت علاقائی سالمیت اور سلامتی ہمارے لئے اہمیت کی حامل ہے۔ پاکستان نے امن کے سفیر کا کردار ادا کرنا ہے۔ ہماری پالیسی تجارت اور باہمی عزت و احترام کی بنیاد پر ہے۔ ایران کے ساتھ تعلقات پہلے اچھے نہیں تھے‘ وزیراعظم نے ایران کا دورہ کیا جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی آئی۔
وزیراعظم کے دورے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے پاکستان کا دورہ کیا۔ وزیراعظم نے ایران اور امریکہ کے درمیان معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔ عندلیب عباس نے کہا کہ وزیر خارجہ کے خطاب کو نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی میڈیا نے بھی کوریج دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستان اپنا بھرپور سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستانی کوششوں کی وجہ سے بین الاقوامی برادری نے اس تنازعہ کو سنجیدگی سے لیا ہے جس کا ثبوت 16 اگست کو سلامتی کونسل کے اجلاس اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل و انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا کے ردعمل سے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کاز کی حمایت کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔