لاہور(این این آئی)عوام نے دو ماہ میں 176 ارب روپے مالیت کے 40 ہزار روپے والے بانڈز فروخت کر دیئے۔کالے دھن سے بانڈز کی خریداری کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے اور معیشت کو دستاویزی بنانے کی خاطر حکومت نے 40 ہزار روپے والے بانڈز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا جسکے بعد عوام نے دھڑا دھڑ بانڈز فروخت کرنا شروع کر دیئے۔جون اورجولائی میں عوام نے 40 ہزار روپے والے 176 ارب روپے کے بانڈز فروخت کیے۔ حکومتی اعلان سے قبل
40 ہزار والے بانڈز میں 258 ارب روپے کی سرمایا کاری تھی جو کم ہو کر اب صرف 82 ارب روپے تک رہ چکی ہے۔اس عرصے میں نام سے رجسٹرڈ 40 ہزار والے بانڈز میں 7 ارب 10 کروڑ روپے کی نئی سرمایہ کاری ہوئی اس طرح جولائی کے آخر تک نام سے رجسٹرڈ بانڈز میں کل سرمایا کاری کا حجم 13 ارب 28 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ دو ماہ میں مجموعی طور پر بانڈز میں سرمایا کاری 951 ارب روپے سے کم ہوکر 766 ارب روپے تک رہ گئی۔