لاہو ر(این این آئی) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2019-20 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 12 ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 4 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 3 ارب
45 کروڑ 34 لاکھ 14 ہزار روپے کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ حبیب الرحمن گیلانی نے کی جبکہ صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی عمران سکندر بلوچ سمیت متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے 12 ویں اجلاس میں جن 4 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں صوبہ پنجاب میں شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اور سروس سنٹر (ای خدمت مرکز) کے قیام (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 81 کروڑ 28 ہزار روپے، پنجاب پبلک مینجمنٹ ریفارم منصوبہ کے تحت آئی ٹی سنٹر میں اصلاحات لانے بشمول سمارٹ مانیٹرنگ کے منصوبہ میں مزید توسیع کیلئے 1 ارب 14 کروڑ 48 لاکھ 27 ہزار روپے، سیالکوٹ شہر میں پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام (فیز I) کے تحت موجودہ پارکوں کی اپ گریڈیشن کیلئے 32 کروڑ 97 لاکھ 10 ہزار روپے اور ساہیوال شہر میں پنجاب انٹر میڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام (فیز I) کے تحت موجودہ پارکوں کی اپ گریڈیشن کیلئے 16 کروڑ 88 لاکھ 49ہزار روپے شامل ہیں۔