اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عبدالغنی مجید سمیت 7 ملزمان نے 10 ارب 66 کروڑ روپے کی پلی بارگین کر لی ہے.تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتارعبدالغنی مجید سمیت سات ملزمان نے آخر کار پلی بارگین کرتے ہوئے 10 ارب 66 کروڑ روپے واپس کرنے کے لیے درخواست کر دی ہے جسے عدالت نےسماعت کیلئے منظور کر لیا ہے ۔ دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت نے
سابق صدر آصف علی زر داری اور فریال تالپور کے خلاف منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی ۔ جمعرات کو سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو ڈیوٹی جج کے روبرو پیش کر دیا گیا،ڈیوٹی جج احتساب عدالت راجہ جواد عباس نے سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کر دی۔جج نے ریمارکس دیئے کہ متعلقہ جج ریفرنسز کو سن رہے ہیں، وہی سماعت کرینگے۔عدالت نے حاضری لگا کر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو واپس بھیجنے کا حکم دیدیا۔ جج نے کہاکہ درخواستیں میں سن لیتا ہوں لیکن مین کیس متعلقہ جج ہی سنیں گے۔ عدالت نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس پر سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 19 ستمبر تک توسیع کر دی ۔ قبل ازیں آصف زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری بھی احتساب عدالت پہنچیں،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، سعید غنی، نفیسہ شاہ اور دیگر رہنما بھی احتساب عدالت میں موجود تھے ۔ اسموقع پر سابق صدر آصف زرداری سے پارٹی راہنماؤں نے ملاقاتیں بھی کیں ۔