لاہور (این این آئی) مسلم لیگ(ن)کی رہنما عظمی بخاری نے کہاہے کہ این آر او دینے کا دعوی کرنے والے نواز شریف سے این آر او لینے کوشش کررہے ہیں،حکومتی نمائندے این آراو لینے کیلئے روز کورٹ لکھپت جیل کے چکر لگارہے ہیں،عمران خان کو سلیکٹ کرنے والوں کو بھی نواز شریف کی اہمیت کا اندازہ ہو چکا ہے۔ عظمی بخاری نے نواز شریف کی ڈیل سے متعلق خبروں پر اپنے ردعمل میں کہاکہ نواز شریف اور مریم نواز ظالم اور جابر حکومت
کیخلاف چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔نوازشریف نے اگر ڈیل کرنی ہوتی تو آج مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوتی۔بوٹ پالش کرنے والے مہرے تو ہو سکتے ہیں سیاستدان نہیں بن سکتے۔انہوں نے کہاکہ ایک سال بعد ہی عوام جعلی اور ناکام حکومت سے تنگ آچکی ہے۔مریم نواز کو حکومت کی نالائقیوں،ناکامیوں اور نااہلیوں کو بے نقاب کرنے کی سزا مل رہی ہے،جو شخص اپنی کرسی بچانے کیلئے عورتوں کو گرفتار کراسکتا ہے اس سے کچھ بھی بعید نہیں ہے۔