اسلام آباد (این این آئی) پاکستان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کو مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بھارت کے غیر آئینی اقدام سے آگاہ کیا جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی مکمل حمایت حاصل ہے،پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کا خطے کے دوسرے ممالک سے تعلقات سے موازنہ کیا ہی نہیں جاسکتا، پاکستان اور سعودی عرب کے سٹریٹجک تعلقات ہیں،،
جنیوا میں انسانی حقوق کونسل میں بھی سعودی عرب اور یو اے ای ہمارے ساتھ تعاون کریں گے۔ بدھ کو وزیر اعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور متحدہ عرب عمارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید بن سلطان النہیان نے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی جس میں خطے میں امن وامان، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اوردوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا،۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دونوں وزرائے اعظم کو مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بھارتی غیر آئینی اقدام سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی ملاقات میں موجود تھے۔قبلیہاں سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر اور عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد بن سلطان نے وفود کے ہمراہ وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے اپنے سعودی اور اماراتی ہم منصب کو 5 اگست کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے گئے یکطرفہ، غیر قانونی اقدامات اور ان کے مضمرات سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ بھارت نے 5 اگست کے، یکطرفہ اقدام کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا ہے تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں موجود مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کردیا جائے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے یہ یکطرفہ اقدامات، نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے بھی منافی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے گزشتہ ایک ماہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں مسلمانوں کو مسلسل کرفیو کے ذریعے یرغمال بنا رکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ خوراک اور ادویات تک میسر نہیں ہو رہیں۔انہوں نے کہاکہ او آئی سی اور او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ٹھوس موقف کا سامنے آنا نہایت خوش آئند ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم
مسلمان بھارتی استبداد سے نجات پانے کے لیے عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ کی طرف نظریں جمائے ہوئے ہے۔بعد ازاں وزارتِ خارجہ میں سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر اور عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد بن سلطان سے ملاقات کے بعد شاہ محموقریشی نے میڈیا کو اہم پیش رفت سے مطلع کرتے ہوئے کہاکہ یہ ابہام ختم ہوگیا ہے کہ مسلم ممالک مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ نہیں اور یہ دورہ اس معاملے میں اہم پیش رفت ہے۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ جنیوا میں انسانی حقوق کونسل میں بھی سعودی عرب اور یو اے ای ہمارے ساتھ تعاون کریں گے۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرا خارجہ کی وزیراعظم سے ملاقات ہوگئی ہے، پرامید ہیں سعودی عرب اور یو اے ای ہمیں مایوس نہیں کریں گے۔وزیر خارجہ نے کہاکہ سعودی عرب اور یو اے ای کے وزرا خارجہ نے پوری سورتحال پر ہمارے موقف کو سمجھا ہے، سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات الگ ہی نوعیت کے ہیں۔انہوں نے کہاکہ
پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کا خطے کے دوسرے ممالک سے تعلقات سے موازنہ کیا ہی نہیں جاسکتا،پاکستان اور سعودی عرب کے سٹریٹجک تعلقات ہیں۔وزیرخارجہ نے کہاکہ جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائن میں او آئی سی کے کشمیر کانٹکٹ گروپ کا اجلاس ہوگا، پاکستان او آئی سی کے کردار کو نمایاں دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی کا باقاعدہ اجلاس بلانے کے لئے سوچ و بچار کر رہے ہیں۔او آئی سی اجلاس بلانے کے لئے سعودی اور یو اے ای کی حمایت بہت ہی اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے پانچ اگست کیا قدامات غیر قانونی ہیں، او آئی سی کے اجلاس میں یو اے ای اور سعودی عرب کا اہم کردار ہوگا۔