اسلام آباد (این این آئی)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وزیر اعظم عمران خان خان کے ہرجانے کے دعویٰ پر سینئر صحافی نجم سیٹھی کو جواب دعویٰ داخل کر انے کیلئے 28ستمبر تک کا وقت دیدیا ۔ بدھ کو سینئر صحافی و معروف اینکر پرسن کیخلاف وزیراعظم عمران خان کے ہرجانے کے
دعوے پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج محمد علی وڑائچ نے کی۔ دور ان سماعت عدالت نے نجم سیٹھی کو جواب دعوی داخل کرنے کے لئے 28 ستمبر تک کا وقت دے دیا۔ قبل ازیں نجم سیٹھی کی جانب سے وکیل منیر بھٹی نے پاور آف اٹارنی جمع کرایا۔ وکیل نجم سیٹھی نے کہاکہ نجم سیٹھی ملک سے باہر ہیں۔ جج محمد علی وڑائچ نے کہاکہ وقت دیا جائے، ایک مہینے کا وقت دیتا ہوں، جواب داخل کر دیں۔ وکیل عمران خان نے کہاکہ ایک دو روز میں رکھ لیں اتنا وقت کہیں دیا جا سکتا۔ وکیل نے کہاکہ نجم سیٹھی کی بیٹی کی شادی ہے وہ 29 ستمبر کو وطن واپس آئیں گے۔ وکیل نجم سیٹھی نے کہاکہ یہ کوئی کرمنل کیس نہیں جس میں وہ بیٹی کی شادی چھوڑ کر آ جائیں۔ جج نے کہاکہ میں بھی یہاں کام کرنے بیٹھا ہوں، مجھے میرا کام کرنے دیں۔جج محمد علی وڑائچ نے کہاکہ آپ خود ہی طے نہ کریں مجھے تاریخ مقرر کرنے دیں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کر دی۔