کراچی(این این آئی)تاجروں نے بلدیاتی مسائل کے خلاف ایم اے جناح روڈ پر دھرنے کا اعلان کردیا، تین دن میں مسائل حل نہ کیئے گئے تو جمعہ 06ستمبر 2019سہ پہر 04بجے عیدگاہ چوک ایم اے جناح روڈ پر دھرنا دے کر روڈ بلاک کرینگے، دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک علاقے میں سیوریج اور صفائی کا کام شروع نہیں کیا جاتا، اگلے مرحلے میں شہر بھر کی متاثرہ مارکیٹوں میں احتجاج، دھرنے اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائیگا، یہ فیصلہ آج آل کراچی تاجر اتحاد کے
چیئرمین عتیق میر کی زیرِ صدارت تاجروں کے ایک ہنگامی اجلاس میں کیا گیا جس میں علاقے کی 50سے زائد مارکیٹوں کے نمائیندگان شریک تھے، اس موقع پر عتیق میر نے شہر میں بدترین بلدیاتی صورتحال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی شہر نما جنگل بن چکا ہے جس کا کوئی بھی وارث نہیں ہے، سندھ کے حکمرانوں کی بے حسی اور بدعنوانی نے عروس البلاد کراچی کو دنیا کی سب سے بڑی کچرا کنڈی بنادیا ہے، انھوں نے کہا کہ بارش کی تباہ کاریوں کے بعد تاجر اور شہری گذشتہ ایک ماہ سے حکومت کو مدد کیلئے پکار رہے ہیں لیکن حکومت گونگی، بہری اور اندھی ہوچکی ہے، انھوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ سرزمینِ سندھ پر ایک بدنما داغ ہے، بلدیاتی ادارے شہریوں کی مشکلات سے بے پرواہ ہوکر اختیارات کی جنگ لڑرہے ہیں، اب تاجروں کیلئے احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے،اجلاس میں الائینس آف آرام باغ مارکیٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین آصف گلفام، جامعہ الائینس کے چیئرمین شیخ محمد ارشاد، آرام باغ تاجر اتحاد کے چیئرمین سید کلیم الدین، شیخ محمد رفیع، سلیمان جیوا، عبدالقادر مستان، شاہد شمسی، دلشاد بخاری، میر عبدالحئی خان، شیخ خالد نور، امان اللہ شاہ، حماد شیخ، رضوان قریشی، محمد حنیف، محمد سمیر، سلیم احمد اور دیگر نے اجلاس میں بتایا کہ گذشتہ ایک ماہ سے باب الاسلام مسجد کے مرکزی دروازے کے سامنے سیوریج لائن بند ہونے سے گٹر کا ناپاک پانی جمع ہے جس سے علاقے کے تاجر اور
نمازی حضرات شدید پریشانی کا شکار ہیں، جامع شاپنگ مال اور سول اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کا راستہ کیچڑ اور کچرے سے شدید متاثر ہے، مسلسل پانی بہنے سے سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، اردو بازار کی حالت بدترین ہے، مارکیٹ میں گذشتہ کئی روز سے کیچڑ، کچرا اور سیوریج کے پانی نے تباہی مچادی ہے، علاقہ تعفن کا شکار اور دلدل بن چکا ہے، مارکیٹ میں عملی طور پر کاروباری سرگرمیاں بند ہیں، ایم اے جناح روڈ اللہ والا مارکیٹ کے سامنے مسلسل گٹر بہنے اور
پانی جمع ہونے سے تعفن پھیل رہا ہے، اللہ والا مارکیٹ کے عقبی حصے میں گندے پانی کا تالاب علاقے کے تاجروں اور رہائشیوں کیلئے عذاب بن گیا ہے، برنس روڈ جیسا رہائشی اور کاروباری علاقہ بھی گندگی اور سیوریج کے مسائل سے دوچار ہے، تاجروں نے کہا کہ گذشتہ ایک ماہ سے کمشنر کراچی سمیت بلدیاتی اداروں کے تمام ذمے داران کو مسلسل مدد کیلئے پکار رہے ہیں لیکن سب اپنی ذمے داریوں سے غافل، مجبور اور لاچار نظر آتے ہیں۔