بیجنگ(آئی این پی)چین نے پاکستان کے ساتھ تجارتی توازن کو بہتر بنانے کیلئے 90فیصد پاکستانی مصنوعات کوصفر ڈیوٹی پر مارکیٹ تک رسائی دینے کا فیصلہ کرلیا ہے،اقدام سے دونوں ممالک کے مابین آزادانہ تجارتی معاہدہII کے تحت پاکستان کی چین کیلئے برآمدات میں 500ملین
ڈالر کا اضافہ ممکن ہوسکتا ہے،چینی میڈیا گروپ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق چین پاکستان میں 27منصوبوں کیلئے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، جس میں تعلیم،صحت،زراعت،نہری نظام،انسانی وسائل کی ترقی اور غربت کے خاتمہ کے شعبے شامل ہیں،سرکاری اعدادو شمار کے مطابق سی پیک کے 17منصوبوں کیلئے اب تک پاکستانی حکومت کو 930ملین ڈالر کے ٹیکسز ادا کیے جاچکے ہیں۔ پاکستان میں چینی سفارتخانہ کے مطابق سی پیک کے دوسرے مرحلے میں خصوصی اقتصادی ژونز کے تحت صنعتی تعاون کو فروغ دیا جائے گا اور مشترکہ کاروبار کے آغاز کیلئے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ حال ہی میں وزیر معاشی امور حماد اظہر نے چینی سفیر یاؤ جنگ سے ملاقات میں سی پیک کیلئے بھرپور تعاون کا اظہار کیا ہے،چینی سفیر نے کہا تھا کہ حماد اظہر مالیاتی اور معاشیاتی امور پر وسیع تجربہ رکھتے ہیں،انھیں یقین ہے کہ حماد اظہر پاکستان میں معاشی اور سماجی ترقی کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے،چین اور پاکستان کے مابین توانائی کے شعبہ میں تعاون گزشتہ پانچ سالوں میں فروغ پایا ہے،جس کے تحت 7توانائی کے منصوبے مکمل ہوئے اور پاکستان میں 8.6ملین افراد کی توانائی کی ضروریات پوری کی گئیں۔