اسلام آباد(سی پی پی)وفاقی حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھارت سے ادویات اور طبی آلات کی تجارت پر عائد پابندی ختم کردی۔تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کیے جانے اور جارحیت کے بعد پاکستان نے بھارت سے طبی آلات اور ادویات کی مد میں تجارت پر پابندی عائد کردی تھی تاہم اب حکومت نے یہ پابندی ختم کردی ہے۔وزارت تجارت
کی جانب سے اس ضمن میں دو نوٹی فکیشن جاری کیے گئے ہیں جس کے تحت امپورٹ پالیسی آرڈر 2016 اور ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2016 میں ترامیم کردی گئی ہیں اور اب پاکستان سے پہلے کی طرح ادویات و طبی آلات بھارت درآمد اور برآمد کیے جاسکیں گے۔وزارت تجارت کے حکام کے مطابق یہ اقدام انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دونوں ممالک کے عوام کو علاج کی سہولیات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔