اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان کے نوجوانوں میں ویڈیو گیمنگ کا کلچر پروان چڑھتا جا رہا ہے اور مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے گیمرز دنیا کے بڑے بڑے آن لائن گیمنگ ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔گزشتہ دنوں لاہور سے تعلق رکھنے والے گیمر ارسلان ایش نے دنیا کے بہترین 1800 گیمرز کو ٹیکن 7 کے مقابلوں میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ارسلان کے بعد ایک اور پاکستانی گیمر اویس ہنی نے ایف وی 2019 ٹیکن 7 ٹورنامنٹ جیت کر اپنی گیمنگ اسکلز سے دنیا میں
پاکستان کا نام روشن کر دیا۔اس مشکل ٹورنامنٹ کا انعقاد ملائشیا میں کیا گیا جہاں دنیا بھر کے بہترین گیمرز جن میں کنی، جیونڈینگ اور نوبی بک کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے گیمرز نے شرکت کی۔اویس ہنی جو اپنے کریئر کے پہلے ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہے تھے، نے آغاز سے ہی تمام کھلاڑیوں پر گیمنگ اسکلز کی بنیاد پر دبدبہ قائم کر لیا۔پہلا رانڈ ہارنے کے باوجود انہوں نے کھیل میں بہترین واپسی کرتے ہوئے باقی تمام راونڈز جیتے اور ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی۔