ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں ایڈوانس ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی کے حوالے سے ایک نئی اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کا محکمہ دفاع سائبر سکیورٹی کے میدان میں سائبر خطرات کی روک تھام میں خود کفیل ہوگیا ہے۔ سائبر سیکیورٹی کے میدان میں
سعودی عرب کا شمار عالمی سطح پر13 ویں نمبر پرہے جب کہ عالمی سطح پرسائبر سیکیورٹی کے خطرات کا درجہ 16 تک پہنچ گیا ہے۔ سعودی عرب کے سائبر سیکیورٹی، پروگرامنگ اینڈ ڈرونز ٹیکنالوجی پروگرام سے وابستہ 100 نوجوانوں کی پاسنگ آئوٹ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مجموعی طور پراس پروگرام میں 32 ہزار امیدواروں نے شمولیت کی درخواست دی گئی تھی جن میں سے ایک سو کا انتخاب کیا گیا۔ تربیتی پروگرام 4 ماہ تک جاری رہا۔سائبر سکیورٹی پروگرام کے ایڈمنسٹریشن فیڈریشن کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن شرف الغامدی نے کہا کہ ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والے نوجوانوں میں ملازمت کی پیش کشوں کے 300 فی صد امکانات ہیں۔ ان کی اوسط تنخواہ 15 ہزار سعودی ریال تک ہوگی جب کہ 2030ء تک ہرپروگرام میں ایک سو سعودی شہریوں کو تیار کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ فضلاء مملکت میں مختلف سکیورٹی کمپنیوں میں خدمات انجام دینے کی صلاحیت حاصل کریں جس کے نتیجے میں بیرون ملک سے ماہرین منگوانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔