لاہور(این این آئی) پنجاب کے سرکاری ملازمین کے لئے بڑی خبر،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر حکومت نے سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ جاری کرنے کافیصلہ کیا ہے-وزیراعلیٰ نے سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ کا اجراء جلد یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں اور متعلقہ امور جلد طے کر کے حتمی شکل دی جائے-
انہوں نے کہاکہ صحت انصاف کارڈ کی فراہمی سے سرکاری ملازمین کو علاج معالجہ کی سہولت ملے گی-سرکاری ملازمین ہسپتالوں میں تقریباً سوا 7لاکھ روپے تک علاج کی سہولت حاصل کرسکیں گے اوراس حد کو ضرورت پڑنے پر بڑھایا بھی جا سکتا ہے-وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ حکومت کو زندگی کے ہر طبقے کا احساس ہے-سرکاری ملازمین کا احساس کرتے ہوئے انہیں صحت انصاف کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے اوریہ وہ کام ہیں جو 70سال میں کسی حکومت نے نہیں کئے- پنجاب حکومت نے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اوروزیراعلیٰ عثمان بزدار نے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ملازمین کو مستقل کرنے کے فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اس اقدام سے ملازمین پہلے سے زیادہ لگن اور محنت سے سرکاری فرائض سرانجام دیں گے اورملازمین میں عدم تحفظ کا احساس ختم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس ضمن میں ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اتھارٹی کا دائرہ کار بڑھنے سے دیگر شہروں میں تاریخی عمارتوں کو اصل حالت میں بحال کرنے میں مدد ملے گی اوریہ اقدام سیاحت کے فروغ کا باعث بنے گا۔ تاریخی عمارتوں کی بحالی سے شہروں کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہر تاریخی اہمیت رکھتے ہیں۔
تاریخی شہر سیاحت کے فروغ کا باعث ہیں اورتحریک انصاف کی حکومت سیاحت کے شعبہ کو پائیدار بنیادوں پر ترقی دینے کیلئے کام کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورٹ منرو کو سیاحت کیلئے بہترین مقام بنائیں گے۔وزیراعلیٰ نے فورٹ منرو میں 18 ریسٹ ہاؤسز کی تزئین و آرائش کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ
ریسٹ ہاؤسز کی بکنگ کی آن لائن سہولت مہیا کی جائے گی۔ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان اور فورٹ منرو میں پانی کے ذخیرے کیلئے چھوٹے ڈیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ چھوٹے ڈیموں کی تعمیر سے لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گااورپینے کے صاف پانی کی سپلائی کو بہتر بنا کر عوام کو ان کا حق لوٹائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ٹرائبل ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر محکموں کی پرانی گاڑیاں آکشن کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قواعد و ضوابط کے تحت پرانی گاڑیوں کی آکشن کی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ مانیکا کینال کی لائننگ کا کام
ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے اورمانیکا کینال کے ساتھ سیوریج کیلئے علیحدہ انتظام کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے مانیکا کینال کے ساتھ اراضی پر شجرکاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں ٹرک باڈی انڈسٹری کو کسی مناسب جگہ پر شفٹ کیا جائے اورویسٹ واٹر کی ٹریٹمنٹ کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ جنوبی پنجاب کے شہروں میں سالڈ ویسٹ کے نظام کی بہتری کیلئے ضروری مشینری فراہم کی جائے گی۔ شہروں میں پارکس کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے متعلقہ حکام فوری اقدامات کریں۔ فلاح عامہ کے منصوبوں میں کوالٹی پر
کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ڈی جی خان سمیت جنوبی پنجاب کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ترقیاتی منصوبوں کی سخت نگرانی کا عمل ہر سطح پر جاری رہے گااورعوام کی سہولت کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کو اجلاس کے دوران فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیش رفت اور نئی سکیمو ں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔سیکرٹری آبپاشی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری کھیل و سیاحت، سیکرٹری بلدیات اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سابق گورنر مغربی پاکستان نواب آف کالا باغ ملک امیر محمد خان مرحوم کے بیٹے ملک اسد خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔