کراچی (آن لائن)قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) سمیت تمام نجی ائیرلائنز نے اپنے کرائے امریکی ڈالرز میں مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق پی آئی اے کے شعبہ مارکیٹنگ کے ایک مراسلے کے مطابق پی آئی اے کے اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازوں کے کرائے،
جرمانے اور ٹیکس اب امریکی ڈالرز میں مقرر کیے جائیں گے۔ یعنی جس روز مسافر ٹکٹ خریدنے جائے گا یا آن لائن ٹکٹ خریدے گا، اس روز مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی شرح تبادلہ کے مطابق اس سے پاکستانی روپوں میں کرایہ وصول کیا جائے گا۔ اس طرح پی آئی اے اور تمام نجی ائیرلائنز کے ٹکٹوں کی شرح پاکستانی روپوں میں مستحکم نہیں رہی بلکہ جوں جوں روپے کی قدر کم ہوتی جائے گی، اسی تناسب سے فضائی کمپنیوں کے کرائے کی شرح ازخود بڑھ جائے گی۔ پی آئی اے کے مراسلے کے مطابق 12 اگست سے کرائے کو ڈالر کی شرح میں وصول کرنا شروع کردیا جائے گا جبکہ کھاتوں میں اس کا اندراج امریکی ڈالرز میں ہوگا۔ادھرایوی ایشن ذرائع کے مطابق پاکستانی ائیرلائنز نے یہ اقدام ائیرلائنز کی بین الاقوامی تنظیم آیاٹا کی ہدایت پر کیا ہے تاہم دوسرے ذرائع اس اقدام کو پاکستانی معیشت پر اظہار عدم اعتماد قرار دیتے ہیں۔پی آئی اے ترجمان کا مؤقف ہے اس سے مسافروں کو کسی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا، انہیں ادائیگی پاکستانی روپے میں ہی کرنا ہوگی۔دوسری جانب مقامی ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ائیر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے اس اقدام سے پاکستان میں فضائی کرائے مہنگے ہو جائیں گے۔ پی آئی اے کے شعبہ مارکیٹنگ کے ایک مراسلے کے مطابق پی آئی اے کے اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازوں کے کرائے، جرمانے اور ٹیکس اب امریکی ڈالرز میں مقرر کیے جائیں گے۔