اسلام آباد( آن لائن) گذشتہ مالی سال 2018-19ء کے دوران ملک کے تجارتی خسارہ میں 5.763 ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے اور تجارتی خسارہ 31.820 ارب ڈالر تک کم ہو گیا۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ مالی سال 2018-19ءکے دوران تجارتی خسارہ 31.820 ارب ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ مالی سال 2017-18ء کیلئے ملک کا تجارتی خسارہ 37.583 ارب ڈالر رہا تھا۔اس طرح مالی
سال 2017-18ء کے مقابلہ میں مالی سال 2018-19ء کے دوران تجارتی خسارہ میں 5.763 ارب ڈالر یعنی 15.33 فیصد کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ پی بی ایس کے مطابق تجارتی خسارہ میں کمی کا بنیادی سبب قومی درآمدات میں ہونے والی 9.86 فیصد کی کمی ہے ‘جس کے نتیجہ میں مجموعی قومی درآمدات گذشتہ مالی سال 2018-19ء کے دوران 54.799 ارب ڈالر تک کم ہو گئیں جبکہ مالی سال 2017-18ء کے دوران 60.795 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔