پشاور(این این آئی) باچا خان ایئر پورٹ پشاور پر خاتون نے ایمان داری کی مثال قائم کرتے ہوئے لاؤنج میں پڑا پیسوں سے بھرا بیگ ایئر پورٹ انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔تفصیلات کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ابوظبی جانے والا مسافر ایک لاکھ روپے اور دیگر دستاویز بھول کر چلا گیا تھا تاہم ایک خاتون نے لاؤنج میں پڑا ہوا بیگ اٹھا کر ایئر پورٹ انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔خاتون نے لاوارث بیگ ملا تو کھول کر دیکھا، اس میں ایک لاکھ کیش اور دیگر ضروری دستاویز موجود تھے،
خاتون نے فوراً انتظامیہ سے رابطہ کر لیا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈی ایف او عدنان نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مسافر کو تلاش کیا، مسافر نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے 630 کے ذریعے ابوظبی روانہ ہوا تھا۔سی اے اے کے عملے کے مطابق مسافر محمد زبیر ڈسٹرکٹ مردان کا رہایشی ہے، جو بیگ لاؤنج میں بھول گیا تھا، بعد ازاں سی اے اے کے عملے نے مسافر کے رشتہ دار کو بلا کر شناخت کرنے کے بعد مسافر کے اہم دستاویز اور ایک لاکھ روپے کی رقم حوالے کردی۔