اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے دعویٰ کیا ہے کہ زلزلہ متاثرین کیلئے آنے والی امداد کا آٹھ کروڑ روپے کا سرکاری چیک براہ راست شہباز شریف کے داماد علی عمران کے ذاتی اکاؤنٹ میں جمع ہوا۔
پیر کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹوئٹ میں کہاکہ زلزلہ متاثرین کیلئے آنے والی امداد کا آٹھ کروڑ روپے کا سرکاری چیک براہ راست شہباز شریف کے داماد علی عمران کے ذاتی اکاؤنٹ میں جمع ہوا۔ انہوں نے کہاکہ جرم کی اس حقیقت کا اعتراف ایرا کے افسر اکرام نوید نے نیب سے پلی بارگین کرتے ہوئے اپنے بیان حلفی کی صورت میں کیا۔ انہوںنے کہاکہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے،لیگی ترجمان جھوٹ کو تحفظ دینے کے لیے جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ نوکری کی زنجیر میں جکڑے ترجمان کب تک چوری، کرپشن، اور منی لانڈرنگ کا دفاع کریں گے؟ ۔ انہوں نے کہاکہ شہباز اینڈ سنز کے کالے دھن اور ٹی ٹیز کی فہرست اتنی طویل ہے کہ دفاع کرتے کرتے جلد ترجمانوں کے ہاتھ کھڑے ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ گر شہباز اینڈ سنز بشمول داماد سچے ہیں تو ملک سے کیوں بھاگے؟ انہوںنے کہاکہ ایرا کے افسر کے اعتراف کے بعد بہتر یہی ہے کہ شہباز شریف کا خاندان بھی اقبال جرم کرکے کرپشن سے توبہ کر لے۔ انہوں نے کہاکہ توبہ کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔