اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کی جانب سے احتساب عدالت ارشد ملک کو عہدے کے ہٹانے کے فیصلے کے بعد ٹویٹر پر #نوازشریف کورہاکرو ،ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔سوشل میڈیا پر صارفین نے نواز شریف کی رہا ئی کا مطالبہ کیا ہے ۔
ایک صارف نے لکھا کہ ہمیں نواز شریف کی ضرورت ہے ، انہیں رہا کیا جائے ۔جبکہ کچھ صارفین نے لکھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ آنے کے بعد نواز شریف کو جیل میں قید رکھنا غیر قانونی ہے ۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹانے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد نوازشریف کی سزا کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کی جا نب سے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹانے کے فیصلے پر رد عمل میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ مریم نواز جو حقائق عوام کے سامنے لائیں وہ درست ہیں۔انہو ں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف فیصلے کی قانونی حیثیت بھی خود بخود ختم ہوگئی ہے، ان کے خلاف فیصلے کو بھی کالعدم قرار دیا جائے اور فوری طور پر انہیں رہا کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جج کو ہٹانے سے تصدیق ہو گئی کہ ویڈیو اصلی تھی جس کی وجہ سے جج کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا یاگیا ۔