اسلام آباد( آن لائن) پاکستان کے ایوان بالا میں ممکنہ تبدیلی کے پیش نظر اپوزیشن جماعتیں اور چیئرمین سینیٹ متحرک ہوگئے ہیں۔چیئرمین سینیٹ کی ممکنہ تبدیلی کے لیے اپوزیشن جماعتیں سر جوڑ کر بیٹھ گئیں، اپوزیشن لیڈر راجہ ظفرالحق کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہواہے، اپوزیشن کے اجلاس میں سینیٹ اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن پر ممبران کے دستخط کرائے جائیں گے، اپوزیشن اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کے نام پر مشاورت بھی کی جارہی ہے۔
ذرائع نے دعوی کیاہے کہ چیئرمین سینیٹ کے نام پر اپوزیشن کسی ایک نام پر متفق ہوجائیگی۔بلوچستان سے نیشنل پارٹی کے سینیٹر میر حاصل خان بزنجو کی اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق سے ملاقات بھی ہوئی ہے۔ ملاقات میں چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تحریک پر حکمت عملی کے لیے اپوزیشن سینیٹرز کا اجلاس آج ساڑھے گیارہ بجیطلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔راجہ ظفر الحق سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر نے تمام اپوزیشن سینیٹرز کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کرلیا ہے۔اجلاس میں قرارداد پر اپوزیشن سینیٹرز کے دستخط کرانے کے بعد قرارداد جمع کرائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے اپوزیشن کے امیدوار کا فیصلہ 11 جولائی کو رہبر کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ نہ ابھی تک وہ امیدوار ہیں اور نہ کسی نے انکا نام تجویز کیا ہے۔صحافی نے استفسار کیا کہ کیا اپوزیشن سینیٹرز کا اجلاس بلانے کا مقصد نمبر چیک کرنا ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں زیادہ سے زیادہ سے سینیٹر زکے ہمراہ قرار داد جمع کرائیں۔دوسری طرف چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی بھی متحرک ہوگئے ہیں، انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادی جماعتوں کا اجلاس طلب کرلیاہے۔ اجلاس میں قائد ایوان شبلی فراز، اعظم سواتی، سنیٹر احمد خان،
سنیٹر مراز آفریدی سمیت دیگر شریک ہونگے۔اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ممکنہ تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے پر حکمت عملی طے کی جائیگی۔ چیئرمین سینیٹ انفرادی طور پر اراکین سینیٹ سے حمایت کی دارخوست بھی کرینگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹرزسے رابطوں سے متعلق حکمت عملی طے کی جائیگی،چیرمین سینٹ نے بلوچستان عوامی پارٹی کے جنرل سیکرٹری سنیٹر منظور کاکڑ، سنیٹر احمد خان، سنیٹر مرزا آفریدی کو رابطوں سے متعلق اہم ٹاسک بھی سونپ دیاہے